ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مینگلور : بنٹوال قاضی پر حملہ کی کوشش ۔ تین ملزمین گرفتار۔۔۔۔ (منگلورو و اطراف کی مزیدمختصر خبریں)

مینگلور : بنٹوال قاضی پر حملہ کی کوشش ۔ تین ملزمین گرفتار۔۔۔۔ (منگلورو و اطراف کی مزیدمختصر خبریں)

Tue, 16 Nov 2021 12:23:50    S.O. News Service

بنٹوال، 16؍ نومبر (ایس او نیوز)  ایک قاضی کی بے عزتی کرنے اور حملہ کی کوشش کے الزام میں کوناجے پولیس نے تین ملزمین کو گرفتار کرلیا جن کی شناخت شرن (24 سال)، وگنیش (23 سال) اور ہرشیت (22 سال) بتائی گئی ہے ، جو بنٹوال تعلقہ کرناڈ کے رہنے والے ہیں ۔

بتایا جاتا ہے کہ 14 نومبر کی آدھی رات کو ان ملزمین نے موٹر سائیکل پر سوار ہوکر  تاج العلماء مسجد کے پاس پہنچ کر ہنگامہ کھڑا کیا ۔ مسلم مخالف نعرے بازی کی ۔ پھر مسجد کے اندر گھس کر اسے  نقصان پہنچان کی کوشش کرنے کے ساتھ قاضی کے ساتھ بدسلوکی کی اور ان پر حملہ کی کوشش بھی کی ۔ جب قاضی نے شور مچایا تو مقامی افراد جمع ہوگئے اور ملزمین موقع پر سے فرار ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ دو تین دن قبل مسجد کے قریب کھڑے ہوکر ملزمین نے پیشاب بھی کیا تھا ۔ ان کی حرکات کا مقصد ماحول کو بگاڑنا اور کشیدگی پیدا کرنا تھا۔

مسجد کمیٹی کی طرف سے پولیس میں شکایت درج کروانے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمین کو گرفتار کرلیا ۔

منگلورو : لیڈی گوشن ہاسپٹل میں بچہ بدلی معاملہ ۔ متنازع بچہ  فوت 

منگلورو،16؍ نومبر (ایس او نیوز) لیڈی گوشن ہاسپٹل میں ایک مہینے پہلے پیدائش کے بعد بچہ بدل جانے کا جو معاملہ سامنے آیا تھا اس میں متنازع بچہ فوت ہوگیا ۔ بچہ کو پھیپھڑے میں مرض کی وجہ سے سانس کی تکلیف تھی اور اس کا علاج ہاسپٹل میں چل رہا تھا ۔ لیکن علاج کارگر نہیں ہوا اور بچہ نے دم توڑ دیا ۔

یاد رہے کہ 15 اکتوبر کو جن دو بچوں کا جنم ہوا تھا ان میں   کنداپور سے تعلق رکھنے والے بچہ کے والدین نے الزام لگایا تھا کہ ان کا بچہ بدل گیا ہے اور انہیں کسی اور کا بچہ دے دیا ہے ۔ معاملہ عدالت تک پہنچا اور عدالت نے بچہ کے والدین کی شناخت کرنے کے لئے ڈی این اے ٹیسٹ کرنے کی اجازت دی تھی ۔ جس کے بعد سیمپلس حیدر آباد میں واقع فارنسک لیباریٹری میں بھیج دئے گئے ۔ مگر ٹیسٹ کی رپورٹ آنے سے قبل ہی بیماری کی وجہ سے متنازع بچہ فوت ہوگیا ۔

معلوم ہوا ہے کہ قانون کے مطابق بچہ کی آخری رسومات ادا کی جائے گی ۔ بچہ کے والدین کو اس صورتحال کی اطلاع دے دی گئی ہے ۔

پتور : کنول بیج تالاب میں پھیلانے کے دوران کالج کی طالبہ غرق

پتور 16/ نومبر (ایس او نیوز) اپن انگڈی کے پاس امبارجے میں تالاب میں کنول کے بیج پھیلانے کے دوران کالج کی ایک طالبہ حادثاتی طور پر پانی میں گر گئی اور ڈوبنے کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوگئی ۔

اپن انگڈی پولیس اسٹیشن میں درج کی رپورٹ کے مطابق مہلوک لڑکی کا نام شریا (18 سال) ہے ۔ جو رام کنجیشورا پی یو کالج میں زیر تعلیم تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ شریا اپنے چچا کے گھر کے پاس واقع ایک تالاب میں کمل کے بیج ڈالنے کے لئے گئی تھی جب وہ واپس نہیں لوٹی تو گھر والوں نے اسے تلاش کرنا شروع کیا ۔ تب اس کی چپلیں تالاب میں تیرتی ہوئی دکھائی دیں . گھر والوں نے اسے تالاب سے نکال کر اسپتال میں منتقل کرنے کی کوشش کی ، مگر اس نے راستے میں ہی دم توڑ دیا ۔
     

منگلورو : غیر اخلاقی پولیس گری ۔ چند منٹوں میں ہی پولیس نے کیا ملزمین کو گرفتار

منگلورو16/ نومبر (ایس او نیوز) سورتکل پولیس اسٹیشن کے حدود میں ایک دوسرے مذہب سے تعلق رکھنے والی طالبہ کو اپنی موٹر بائک پر بٹھا کر لے جاتے وقت پیچھا کرکے زدوکوب کرنے اور غیر اخلاقی پولیس گری کرنے والوں کو پولیس نے چند ہی منٹوں میں گرفتار کر لیا ۔

گرفتار ملزمین کے نام پرہلاد، پرشانت، گروپرساد، پراتھیش، بھرت اور سوکیش بتائے گئے  ہیں ۔  معلوم ہوا ہے کہ غیر اخلاقی پولیس گری کرنے والوں کی اس گینگ کا موٹر بائک پر جارہی جوڑی کا پیچھا کیا تھا اور غیر مذہب کی لڑکی کو ساتھ میں لے جانے کی پاداش میں لڑکے کو بری طرح پیٹا تھا ۔ اس کے علاوہ لڑکی دوسرے مذہب کے لڑکوں کے ساتھ گھومنے پھرنے کے خلاف وارننگ بھی دی تھی ۔ واقعہ کے چند منٹوں بعد ہی پولیس نے کارروائی کی اور ملزمین کو دھر دبوچا۔  بتایا جاتا ہے کہ پولیس کمشنر ششی کمار نے جائے وقوع کا دورہ کیا اور کارروائی کے سلسلے میں پولیس افسران کی رہنمائی کی ۔


Share: